ظفر چشتی فیصل آباد:
ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف ڈی اے جنرل قیصر عباس رند نے ایک اجلاس میں نجی ہاؤسنگ سکیموں میں پبلک یوٹیلیٹی سروسز سائٹس کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ عاصمہ محسن، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ میاں اسد مجید اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی جی نے پبلک یوٹیلیٹی پلاٹوں کے سائز، اس کی نوعیت، مقام، موجودہ استعمال اور مختلف ہاؤسنگ سکیموں میں تعلیم، صحت، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واسا سروسز اور دیگر یوٹیلٹی سروسز کے لیے مختص پلاٹوں کی زمینی حالت کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا کہ مفاد عامہ کے ان پلاٹوں کے تحفظ اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے حکومتی مفادات کے تحفظ کے لیے اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کیں جن پر سختی سے عمل کیا جائے اور مانیٹرنگ کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم میں پبلک یوٹیلیٹی سروسز کے پلاٹوں پر کوئی ناجائز قبضہ نہیں ہونا چاہیے اور جو ہاؤسنگ سوسائٹی ان کو مقررہ مقاصد کے علاوہ کسی اور مقصد کے لیے استعمال کرتے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس سلسلے میں غیر قانونی تعمیرات کو گرا کر مفاد عامہ کی سرکاری اراضی واگزار کرانے میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایف ڈی اے کو پبلک یوٹیلیٹی سروسز کے پلاٹوں پر تحریری بورڈ آویزاں کرنا چاہیے جس میں لکھا ہو کہ یہ سرکاری اراضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک یوٹیلیٹی سروسز کے پلاٹوں کے تحفظ کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال کیے جائیں اور باز نہ آنے والے ڈویلپرز کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں۔ اے ڈی جی نے پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں میں مفاد عامہ کے علاقوں کو کسی بھی غیر قانونی قبضے سے پاک رکھنے کی سختی سے تلقین کی اور متنبہ کیا کہ پبلک یوٹیلیٹی سروسز کے پلاٹوں کو دوسرے مقاصد کے لیے استعمال، قبضہ یا غیر قانونی تعمیر کرنے کی صورت میں متعلقہ انسپکٹر ذمہ دار ہوگا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔